لاہور: (دنیا نیوز) عدالت نے ڈیفنس کی رہائشی خاتون مائرہ کے قتل کے مقدمے میں ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا۔
سیشن کورٹ لاہور میں ایڈیشنل سیشن جج شبریز اختر راجہ نے ڈیفنس کی رہائشی مائرہ کے قتل کے مقدمے کی سماعت کی۔
عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ملزمان جان بوجھ کر روپوش ہیں، اس لیے ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر کے انہیں اشتہاری قرار دیا جاتا ہے۔
عدالت نے ملزمان طاہر جدون، ظاہر جدون اور محمد وسیم کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے کیس فائل ریکارڈ روم بھیجنے کا حکم دے دیا۔
مقتولہ کے والد محمد ذوالفقار اور والدہ شبانہ تبسم کے بیانِ حلفی بھی عدالت میں جمع کروا دیے گئے ہیں، مقتولہ کے وارثان نے برطانیہ سے ایمبیسی کے ذریعے تصدیق شدہ بیانِ حلفی بھجوائے، وارثان نے واٹس ایپ ویڈیو کال کے ذریعے بیان حلفی دینے کی تصدیق بھی کی۔
یاد رہے کہ عدالت نے ملزم کے وکیل سے راضی نامے کے بیانِ حلفی طلب کر رکھے ہیں اور ملزمان کے خلاف تھانہ ڈیفنس بی میں مقدمہ درج ہے۔