اسلام آباد: (دنیا نیوز) جیل انتظامیہ کی جانب سے ملاقاتیوں کو بانی پی ٹی آئی سے ملنے کی اجازت نہ دینے کے معاملہ پر عمران خان نے وفاقی و صوبائی سیکرٹری داخلہ کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔
درخواست میں اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ عبد الغفور انجم، آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کو بھی فریق بنایا گیا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی۔
دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے ایس او پیز بنانے کا حکم دیا تھا، عدالت نے ملاقاتوں میں رکاوٹیں کھڑی کرنے پر جیل سپرنٹنڈنٹ کو وارننگ جاری کی تھی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ جیل انتظامیہ کی جانب سے وکلاء اور سیاسی معاونین کو بانی پی ٹی آئی سے ملنے نہیں دیا جا رہا، فریقین کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی پر توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ فریقین کو عدالت کے 18 جولائی کے احکامات پر من و عن عملدرآمد کا حکم دیا جائے، عمران خان کو سیاسی معاونین و وکلاء سے بلا روک ٹوک ملاقات کرنے دینے کا حکم دیا جائے۔