گوجرانوالہ :(دنیانیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 16دن رہ گئے، راولپنڈی معاہدے پر عمل درآمد نہ ہوا تو حالات کی ذمہ دار حکومت ہو گی۔
گوجرانوالہ میں گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمارا جو بھی لائحہ عمل ہوا پھر شہباز شریف اس کی شکایت نہ کریں، تین دن کی ہڑتال پر تاجروں سے مشاورت جاری ہے، پورا ملک بند، پہیہ بھی جام ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز نے تین بڑے فراڈ کیے، پہلا معاہدے غلط ہوئے، دوسرا جو بجلی پیدا نہیں ہو رہی اس کے پیسے وصول کیے جا رہے ہیں اور تیسرا جو رقم لی جا رہی ہے اس پر ٹیکس بھی نہیں دیا جاتا، ن لیگ، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی حکومتوں نے آئی پی پیز کو تحفظ فراہم کیا، یہ لوٹ مار میں برابر کے شریک ہیں۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی عیاشیوں اور آئی پی پیز کا بوجھ اب عوام نہیں اٹھائیں گے، ہم قوم کے حق کے لیے لڑ رہے ہیں، ہمارے راستے میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرنے کا سوچیئے گا بھی نہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں جو بھی ریلیف ملا کریڈٹ جماعت اسلامی کا ہے، بجلی کی اصل لاگت کا تعین کر کے دوماہ کے لیے نہیں پورے پاکستان میں یکساں ٹیرف لاگو کیا جائے۔