لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ہم حکمرانوں کی بڑی گاڑیوں کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے، جاگیرداروں پر ٹیکس لگایا جائے۔
اپنے ایک پیغام میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ آج ہماری اپیل پر تمام شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد پرامن ہڑتال کر رہے ہیں، آج چترال سے لے کر کراچی تک کامیاب ہڑتال ہو گی، حکومت تاجر دوست کے نام پر تاجر دشمن سکیمیں متعارف کرا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یقین ہے کوئی تاجر تنظیم اپنی کمیونٹی اور عوام کے مفاد کے خلاف حکومتی جھانسے میں نہیں آئے گی، تاجروں سے اپیل کرتا ہوں وہی کام کریں جو ملک و قوم کے حق میں ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکمران اپنی مراعات چھوڑنے کو تیار نہیں، ہم ان کی بڑی گاڑیوں کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے، عوام حکمرانوں کی مفت بجلی اور عیاشیوں کے خرچے مزید اٹھانے کو تیار نہیں، جاگیرداروں پر ٹیکس لگایا جائے، حکمران طبقہ اپنے خرچے کم کرے۔
انہوں نے کہا کہ تاجر ٹیکس دینے کو تیار ہیں لیکن مارکیٹوں کی بنیاد پر ٹیکسوں کا تعین انہیں منظور نہیں، آئی پی پیز معاہدے ختم کیے جائیں تو خودبخود تاجروں اور عوام کو ریلیف ملے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج کی ہڑتال ایک دن کی کوشش ہے، حکومت کو مجبور کریں گے اور اسے پیچھے ہٹنا پڑے گا، آج ہی تاجروں سے مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔