اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اپنے بہادر سمندری محافظوں کی عظیم قربانیوں اور بے مثال خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
یوم بحریہ پر اپنے خصوصی پیغام میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 8 ستمبر ہماری دفاعی تاریخ کا ایک اور عظیم الشان و یادگار دن ہے، 1965 کی جنگ میں پاک بحریہ کے سرفروشوں نے دشمن کی سمندری طاقت کا غرور ملیامیٹ کیا۔
انہوں نے کہا کہ 8 ستمبر بھی قربانیوں، لازوال جذبوں اور غیر معمولی کارناموں کی تاریخ سموئے ہوئے ہے، بری، فضائی کی طرح بحری فوج نے بھی جوانمردی سے دشمن کو پسپا کیا، پاک بحریہ کے جانبازوں نے سمندری حدود کا دفاع کرتے ہوئے دشمن کو شکست دی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سمندری سرحدوں کی حفاظت کرنے والے پاک بحریہ کے افسر اور جوان ہمارا فخر ہیں، 1965 کی جنگ میں پاک بحریہ کے ناقابل فراموش کردار کو سنہری حروف سے تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاک بحریہ ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، نیوی ڈے پاک بحریہ کے بہادر سپوتوں کے عظیم کارناموں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، پاک بحریہ 8 ستمبر 1965 کے جذبے کو زندہ جاوید رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔