کراچی:(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ سیاسی پارٹیوں کا مسئلہ پانی، بجلی،گیس اور پٹرول ہے ہی نہیں۔
لانڈھی نمبرساڑھے تین پر جماعت اسلامی کی ملک گیر ممبر سازی مہم کے سلسلے میں ضلع کورنگی کے دورہ کے موقع پر کارکنان و میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت جاگیرداروں، سرمایہ داروں، ڈکٹیٹروں کے آلہ کار اور عدلیہ پر مشتمل حکمران ٹولہ ہم پر مسلط ہے، تمام طبقات سے وابستہ لوگوں کی بڑی بڑی جائیدادیں ہیں جن پر ٹیکسز نہیں لگائے جاتے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن جماعتیں ذاتی جائیدادیں اور بینک بیلنس بنارہی ہیں، ملک کی سیاسی پارٹیوں کا مسئلہ پانی، بجلی،گیس اور پٹرول ہے ہی نہیں، مسائل کے حل کے لیے ان گرتی ہوئی دیواروں کو ایک اوردھکا دینے کی ضرورت ہے۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ ملک میں مسلط حکمرانوں نے آئی پی پیز سے ظالمانہ معاہدے کر کے عوام کو اذیت میں مبتلا کردیا ہے، جماعت اسلامی اس وقت پاکستان کی غریب عوام کی سب سے بڑی توانا آواز ہے، پاکستان کی یوتھ جماعت اسلامی کا حصہ ہے،جماعت اسلامی کے تحت حق دو عوام تحریک جاری ہے اس سلسلے میں ممبر ساز ی مہم چلائی جارہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پورے پاکستان میں 50لاکھ ممبر شب کی جائے گی، عوام جماعت اسلامی کی ممبر سازی مہم کا حصہ بنیں اور جماعت اسلامی کا دست و بازو بنیں، کارکنان پورے اعتماد کے ساتھ عوام میں جائیں اور ممبر سازی مہم چلائیں، ہمیں اس ظالمانہ نظام اورکرپٹ ٹولے کے خلاف لڑنا ہوگا اور ایک مضبوط آواز بننا ہوگا۔
حافظ نعیم نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے راولپنڈی میں 15 دن کا دھرنا دیا جس میں بچے، بوڑھے،جوان اور مرد وخواتین نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی، ہم نے دھرنا ختم نہیں مؤخر کیا ہے اورحکومت کا مسلسل تعاقب کررہے ہیں، اگرمعاہدے پر عمل درآمد نہ ہوا تو ہمیں اسلام آباد جانے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔