کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے یوم بحریہ کی تقریب میں شرکت کی، گورنر سندھ کا کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل محمد سلیم نے استقبال کیا۔
گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 8 ستمبر یوم بحریہ سمندری دفاع کے غیر متزلزل عزم کی یاد دلاتاہے، پاک بحریہ نے اپنے سے کئی گنا طاقتور بحریہ کو اپنے جذبہ ایمانی سے شکست دی، پوری قوم پاک بحریہ کے پختہ حوصلہ اور لگن کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ پاک بحریہ نے 1965ء کی جنگ میں غیر معمولی بہادری کا شاندار مظاہرہ کیا، پاک بحریہ کے جوانوں کی بہادری کی لازوال داستان آج بھی پوری دنیا میں سنائی دیتی ہیں، بحری صلاحیتوں کو بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
گورنر سندھ نے پاک بحریہ کے شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کی، شہداء کی عظیم قربانیوں پر خراج عقیدت کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہداء اور ان کے اہل خانہ کی مقروض ہے۔