سمندروں کی محافظ پاکستان نیوی کو قوم کا سلام، ملک بھر میں آج یوم بحریہ منایا جارہا ہے

Published On 08 September,2025 04:03 am

کراچی: (دنیا نیوز) آبی سرحدوں کی محافظ پاک بحریہ کو قوم کا سلام،،ملک بھر میں یوم بحریہ آج منایا جارہا ہے۔

8 ستمبر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے،6 ستمبر 1965 کو جب رات کی تاریکی میں بھارت نے پاکستان کی جانب قدم بڑھائے تو پاک افواج نے تمام محاذوں پر منہ توڑ جواب دیا اور 4 گنا بڑی فوج کو منہ کی کھانا پڑی۔

کراچی سے تقریباً 350 کلو میٹر دور دوارکا کو بھارت کے دفاعی قلعے کی حیثیت حاصل تھی، جہاں قائم ریڈار سٹیشن سے بھارتی فضائیہ کو مدد فراہم کی جا رہی تھی، پاک بحریہ نے اس ریڈار سٹیشن کو ختم کرنے کا منصوبہ بنایا،7 جنگی جہازوں پر مشتمل پاک بحریہ کا جنگی بیڑا ریڈیو سگنلز کے بغیر آگے بڑھا اور دوارکا کے سر پر پہنچ کر توپوں کا منہ کھول دیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا پاک بحریہ کے جوانوں، افسروں اور اہلکاروں کو خراج تحسین

بحری فوج نے چند منٹ کے دوران 50، 50 راؤنڈز فائر کئے اور بھارتی ریڈار سٹیشن مکمل تباہ کر دیا۔

آپریشن دوارکا میں پاک بحریہ نے بھارتی حدود میں گھس کر نہ صرف دوارکا ریڈار سٹیشن کی اینٹ سے اینٹ بجا ڈالی بلکہ بھارتی فضائی حملوں کا راستہ بھی بند کر دیا تھا۔

دوارکا آپریشن پاکستان کی تاریخ کا ایک انمٹ باب اور پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ کارکردگی کا ناقابل فراموش کارنامہ ہے۔

جنگ ستمبر میں پاک بحریہ نے جرات و ہمت کی تاریخ رقم کی: صدر مملکت

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے 8 ستمبر یومِ بحریہ کے موقع پر اپنے پیغام میں بحری فوج کے افسران اور جوانوں کی بہادری، قربانیوں اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدر نے کہا کہ 1965 کی جنگ میں پاک بحریہ نے جرات اور ہمت کی نئی تاریخ رقم کی، آپریشن سومناتھ دشمن کے لیے خوف اور پاک بحریہ کے لیے فخر کی علامت بن گیا، یومِ بحریہ اس عزم کی تجدید ہے کہ پاک بحریہ ہر محاذ پر قوم کا دفاع کرتی رہے گی۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک بحریہ آج ایک جدید اور کثیرالجہتی فورس کے طور پر سامنے آئی ہے جو نہ صرف سمندری حدود کی حفاظت کر رہی ہے بلکہ تجارتی راستوں کے تحفظ اور عالمی امن مشنز میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بُنیان المرصوص آپریشن کے دوران پاک بحریہ نے سمندری حدود کا تحفظ کرتے ہوئے دشمن کی کسی بھی ممکنہ جارحیت کو ناکام بنایا۔

صدر مملکت نے کہا کہ قوم کو اپنے شہداء اور غازیوں پر فخر ہے۔ یومِ بحریہ کے اس دن ہم اپنے شہدا کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔