اسلام آباد:(دنیا نیوز) رہنما پاکستان تحریک انصاف علی محمد خان نے کہا ہے کہ حکومت ہاتھ دھو کر جوڈیشری کے پیچھے پڑ گئی ہے۔
راولپنڈی میں پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان کی اڈیالہ جیل کےباہر میڈیا سےگفتگو میں کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی طرف سے کامیاب جلسے پر کارکنان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آج بانی پی ٹی آئی عوام کے باہر نکلنے پر بہت خوش تھے، مشکل حالات کےباوجود عوام باہرنکلے،سلام پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کےحوصلےبلند ہیں، عمران خان نےکہا سپریم کورٹ کی طاقت کو کم کرنا پاکستان پرحملہ ہوگا، حکومت ہاتھ دھو کرجوڈیشری کے پیچھے پڑ گئی ہے، پیپلزپارٹی نےآصف زرداری کو صدر بنانے کے لیے بھٹو کے نظریےکو بھلا دیا۔
علی محمد خان کا مزید کہنا تھا کہ سب کان کھول کر سن لیں ملک چلانا ہے توعوام کی آواز کو سننا ہوگا، قوم نے 8فروری کو بانی پی ٹی آئی کےحق میں فیصلہ سنا دیا تھا۔