اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم آج ایوان میں پیش کر دی جائے گی، آئینی ترمیم کے لیے نمبرز پورے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹرعقیل ملک نے کہا کہ آئینی ترمیم کسی شخص یا فرد واحد کے لیے نہیں ہے، تمام ججز کی ملازمت کی عمرمیں اضافہ ہوگا، ججز کی ملازمت کی عمر میں توسیع ہوئی تو کسی کی حق تلفی نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ جوڈیشل اصلاحات سے متعلق مثبت سوچ کے ساتھ حکومت کام کر رہی ہے، تین چار آپشن حتمی شکل میں ہیں، کون سے آپشن حکومت نے متعارف کرانے ہیں یہ فائنل نہیں کیا۔
بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ لا ریفارم اور لیگل ریفارم سے متعلق مسودہ تیار کیا ہے، عدلیہ میں اس وقت 22 لاکھ کیسز زیرالتوا ہیں، سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں 41 ارکان کو آزاد قرار دیا ہے، یہ آزاد ارکان اسمبلی ابھی نہ زمین میں ہیں نہ ہوا میں ہیں۔