اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر احسن اقبال نے سپارکو پاکستان کے "سپیس پروگرام" کا جائزہ لیا۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ مستقبل کی معیشت ٹیکنالوجی پر منحصر ہے، ملکی ترقی کے لئے پالیسی کا تسلسل جاری رکھنا ضروری ہے، خلائی ترقی ملکی استحکام کے لئے ضروری ہے، 2018ء میں ایم ایم 1 معاہدے پر دستخط کئے۔
احسن اقبال نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، مستحکم معیشت کیلئے پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے، ملک میں معاشی استحکام اولین ترجیح ہے، خلائی ٹیکنالوجی کا ملکی ترقی میں کلیدی کردار ہے، ٹیکنالوجی میں جدت لانے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ خلائی ٹیکنالوجی تمام شعبہ ہائے زندگی کے ساتھ وابستہ ہے، خلائی ٹیکنالوجی سے منصوبوں کی لاگت کو کم کرنے اور بروقت مکمل کرنے میں مدد ملی، پاکستان وہ اہداف حاصل نہیں کرسکا جو دیگر ممالک نے اپنی پالیسیوں کے تسلسل کی وجہ سے حاصل کئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خلائی ٹیکنالوجی کا موسمیاتی تبدیلی، وسائل کی نگرانی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ جیسے شعبوں کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں اہم کردار ہے۔