اسلام آباد: (دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے تمام مقدمات میں پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی کی ضمانت بعداز گرفتاری منظور کرتے ہوئے فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
انسداد دِہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے گرفتار پی ٹی آئی ایم این ایز کے خلاف تھانہ سنگجانی میں درج مقدمہ میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کی۔
دوران سماعت پراسیکیوٹر راجہ نوید نے کہا کہ ایم این اے احمد چٹھہ مقدمے میں نامزد ہیں، مقدمے میں جو دفعات لگائی گئی ہیں ان کی سزا کم سے کم تین سال ہے، ضمانت منظور نہ کی جائے۔
جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے استفسار کیا کہ شیر افضل مروت، احمد چٹھہ و دیگر ایم این ایز سے کچھ برآمد ہوا ہے جس پر پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ نہیں کچھ بھی برآمد نہیں ہوا ہے۔
بعدازاں عدالت نے تمام مقدمات میں پی ٹی آئی کے گرفتار ایم این ایز کی 30، 30 ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرتے ہوئے فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
پی ٹی آئی کے گرفتار ایم این ایز میں شیر افضل مروت، شیخ وقاص، زین قریشی، احمد چٹھہ، عامر ڈوگر، یوسف خان، نعیم شاہ اور دیگر شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی ایم این ایز پر تھانہ سنگجانی، ترنول، نون اور تھانہ سنبل میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔