لاہور: (ویب ڈیسک) سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی جس میں مجوزہ آئینی ترمیم اور سیاسی امور پر مشاورت کی گئی۔
سابق صدر عارف علوی جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ لاہور پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، عارف علوی نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سمیت جماعت کے دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور مجوزہ آئینی ترمیم بارے مشاورت ہوئی، اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف و دیگر رہنما موجود تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا تھا کہ تحریک انصاف کے رہنماؤں کے ساتھ رابطہ رہتا ہے، جماعت اسلامی، تحریک انصاف اور اس کی قیادت کے خلاف ہونے والی بعض کارروائیوں کی مذمت بھی کرتی رہی ہے۔