لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کو لاہور میں جلسے کی اجازت اور جلسہ روکنے سے متعلقہ تمام درخواستوں پر لارجر بنچ تشکیل دینے کی سفارش کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے عالیہ حمزہ سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔
دوران سماعت ندیم سرور ایڈووکیٹ نے عدالت سے پی ٹی آئی کا جلسہ روکنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے مؤقف سے ہٹ کر لاہور میں جلسہ کرنے جا رہی ہے، پی ٹی آئی کے 8 ستمبر کے جلسے میں حکومت اور عدلیہ کے خلاف تقاریر کی گئیں۔
انہوں نے کہا پی ٹی آئی آئین میں دی گئی رعایت کا غلط استعمال کر رہی ہے، عدالت پی ٹی آئی کو اتھارٹیز کی منظوری کے بغیر جلسہ کرنے سے روکنے کا حکم دے۔
جسٹس فاروق حیدر نے قرار دیا کہ یہ اہم نوعیت کا معاملہ ہے، یہ فائل دس منٹ میں چیف جسٹس کے پاس بھجوائی جائے گی، یہ مفاد عامہ کا معاملہ ہے اس کی آئینی تشریح ہونا ضروری ہے، یہ معاملہ ایک بار ہی سیٹل ہونا چاہیے۔
بعدازاں عدالت نے جلسے کی اجازت اور جلسہ روکنے سے متعلقہ تمام درخواستوں پر لارجر بنچ تشکیل دینے کی سفارش کر دی۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں جلسہ کرنے اور جلسہ رکوانے والی دونوں درخواستیں دائر کی گئیں ہیں جس میں پنجاب حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ پی ٹی آئی نے لاہور میں جلسے کیلئے متعدد درخواستیں دیں، سیاسی بنیادوں پر لاہور میں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، ڈپٹی کمشنر لاہور کو 21 ستمبر کو مینار پاکستان پر جلسے کیلئے درخواست دی ہے، ڈی سی جلسے کی اجازت نہیں دے رہے۔
درخواست گزار نے کہا کہ جلسہ کرنا ہر سیاسی جماعت کا بنیادی آئینی حق ہے، عدالت مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کی اجازت دینے کا حکم دے۔
اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کا جلسہ رکوانے کیلئے درخواست مرزا واحد رفیق نے دائر کی اور مؤقف اپنایا کہ پی ٹی آئی اپنے موقف سے ہٹ کر لاہور میں جلسہ کرنے جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 8 ستمبر کے جلسے میں حکومت اور عدلیہ کے خلاف زبان استعمال کی گئی، پی ٹی آئی اتھارٹیز کی منظوری کے بغیر جلسہ کرنا چاہ رہی ہے، پی ٹی آئی لیڈر شپ جلسہ میں عدلیہ مخالف تقاریر کرسکتی ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ یہ عدالت، عدلیہ مخالف تقاریر روکنے کا حکم دے، عدالت بغیر اجازت جلسہ کرنے پر پی ٹی آئی کیخلاف سخت کارروائی کا حکم دے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے 21ستمبر کو لاہور میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے تاہم انتظامیہ کی جانب سے جلسے کی اجازت نہیں دی گئی، جس پر پی ٹی آئی نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے لیکن حکومت نے بھی جلسہ رکوانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔