ہزارہ ایکسپریس حادثہ: معطل ہونے والے 6 ریلوے ملازموں کو بحال کر دیا گیا

Published On 21 September,2024 01:44 am

لاہور: (ویب ڈیسک) ہزارہ ایکسپریس حادثے کے بعد معطل ہونے والے چھ ریلوے ملازموں کو بحال کردیا گیا۔

واضح رہے کہ ہزارہ ایکسپریس ٹرین کو 6 اگست 2023ء کو سندھ میں سرہاری کے مقام پر حادثہ پیش آیا تھا جس میں 30 مسافر جاں بحق ہو گئے تھے، حادثے کے بعد 6 ملازموں کو ذمہ در ٹھہراتے ہوئے معطل کیا گیا تھا۔

بحال ہونے والے ملازموں میں گریڈ 18 کے افسر محمد عاطف، حافظ بدرالعارفین، گریڈ 17 کے مشرف ماجد، محمد عارف، بشیر احمد اور کنگل شامل ہیں۔

ریلوے حکام نے بتایا کہ بحالی کے باوجود مذکورہ ریلوے افسروں اور ملازموں کے خلاف انکوائری جاری رہے گی اور انکوائری کے مکمل ہونے تک ان افسروں اور ملازموں کو کسی آپریشنل سیٹ پر تعینات نہیں کیا جائے گا۔