پشاور:(ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں رواں سال کا پہلا پولیو کیس رپورٹ ہونے پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے سخت نوٹس لے لیا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے نوماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہونے پر متعلقہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور پولیو کوآرڈینیٹر کو فوری طور پر معطل کرنے اور انکوائری کی ہدایات جاری کردیں، متاثرہ بچی کا تعلق ضلع مہمند سے ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ ضلع مہمند میں ناقص پولیو مہم کے دیگر تمام ذمہداروں کا بھی تعین کیا جائے، اورمتعلقہ سرکاری حکام کے ساتھ ساتھ شراکت دار اداروں کے متعلقہ عملے کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے، انہوں نے ہدایت جاری کی کہ دیگر تمام اضلاع میں بھی پولیو مہم کی کوالٹی کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ پولیو مہم کے معیار پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، متعلقہ حکام اپنی اصلاح کریں یا سزا کے لیے تیار ہوجائیں۔