لاہور : (دنیانیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کاکہنا ہے کہ ہم پوری طرح تیار ہیں ، کسی کو حالات خراب کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے انتظامیہ کو درخواست دی نہیں، یہ ڈائریکٹ درخواست لے کر ہائی کورٹ پہنچ جاتے ہیں، آج رنگ روڈ پر مویشی منڈی کو تحریک انصاف سبزی منڈی کہہ رہی تھی ان کو جلسہ کرنے کیلئے رنگ روڈ مویشی منڈی پر اجازت ملی ہے، عقل نہ ہوتو موجیں ہی موجیں، انہوں نے رنگ روڈ پل پر کنٹینرز پھنسا دیا ہے، پروپیگنڈا شروع کردیا گیا ہے کہ کنٹینرلگاکر راستہ روک دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب ان کوجلسے کیلئے بندے خود لانے پڑیں گے، علی امین گنڈاپور کی بھی خیبرپختونخوا میں تیاری چل رہی ہے، کل رات تحریک فساد فائرنگ ،توڑ پھوڑ کے واقعات کرچکی ہے، ان کا ٹریک ریکارڈ بن گیا ہے کہ انہوں نے غنڈہ گردی ہی کرنی ہے، آگ لگانا بھی کسی سیاسی جماعت کا ٹریک ریکارڈ ہوسکتا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اس شہر کو وزیراعلیٰ مریم نواز کی طرف سے دوبارہ سنوارا جارہا ہے، یہ اس شہر میں گند ہی ڈال سکتے ہیں جو ان کے پاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اپنے صوبے سے ڈنڈا بردار لوگ لے کر آرہے ہیں، علی امین گنڈاپور کے ساتھ گاڑیوں میں اسلحہ بردار لوگ ہیں، وہاں سے ریسکیو 1122،کرینیں بھی لے کر نکلے ہیں، ہمارے ملازمین اپنے کاموں میں مصروف ہیں، یہ اپنے صوبے کے ملازمین کو جلسے کیلئے لارہے ہیں۔
لیگی رہنما نے پی ٹی آئی رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شیر افضل مروت کو کورونا ہوگیا ہے،عمر ایوب کی بھی طبیعت خرا ب ہے، یہ یہاں ضرور آئیں شوق سے آئیں، آج یہ آکر بتائیں خیبرپختونخوا کے لوگوں کو 11سال میں دیا کیا ہے۔
صوبائی وزیراطلاعات نے یاددہانی کرواتے ہوئے کہا کہ کل انتظامیہ کے ساتھ پی ٹی آئی کے وفد کی ملاقات ہوئی، وعدہ کیا تھا کہ علی امین گنڈاپور اپنے بیانات پر معافی مانگیں گے، علی امین گنڈاپور بے شک تحریری معافی نہ مانگیں جلسے میں ہی مانگ لیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مرنے اور مارنے والا لفظ برداشت نہیں کیا جائے گا، آپ لوگوں کے بچوں کو مرنے کی ترغیب نہ دیں، اچھا ہوتا بانی پی ٹی آئی کے دونوں بیٹے بھی آج شریک ہوتے، آپ کا پروگرام ہے یہاں حالات خراب ہوں ،گولی چلے، ہم آپ کو اب جانتے ہیں اور سمجھتے ہیں، قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ آپ ورکرز کو عزت دینا بھی سیکھ لیں، ورکرز ٹشو پیپرز کی طرح استعمال کرکے پھینکنے کیلئے نہیں ہوتے، 9مئی کا مطلوب اشتہاری جلسے میں موجود ہوگا تو اس کو دیکھا جاسکتا ہے، سیف سٹی ،آے آئی کے ذریعے ہر ایک چیز کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
عظمیٰ بخاری کا مزید کہناتھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پاس بہت سی آڈیو کالز بھی موجود ہیں، بانی پی ٹی آئی آج کے نہیں کئی سال پہلے کے دہشتگرد ہیں، پی ٹی آئی ایک سیاسی جماعت نہیں، دہشتگردوں اور فتنہ پسندوں کا ایک گروہ ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز، نوازشریف کی بیٹی ہیں ان کو دوسرے کا خیال رہتا ہے، ہم ان کو لاہور میں آنے دے رہے ہیں یہی بہت بڑا احسان ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ انہوں نے سب کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے کہ ساڈی گل ہوگئی ہے، یہ سب کو کہہ رہے ہیں کہ بس این آر او مل جائےگا، صوبہ خیبرپختونخوا پہلے ہی مقروض ہے،صحت اور تعلیم کی سہولیات نہیں، علی امین گنڈاپور طالبان کو بھتہ دیئے بغیر اپنے حلقے میں نہیں جاسکتے، انہوں نے قسم کھائی تھی کہ آکر اڈیالہ جیل سے لیڈر کو چھڑوانا ہے،2دن باقی رہ گئے ہیں، یہ جتنے مرضی ڈنڈے لے کر آجائیں،پنجاب پولیس کا ڈنڈا سب سے اچھا ہے۔