قومی اسمبلی اراکین کی تنخواہوں میں اضافے کیلئے وزارت خزانہ اور حکومت کا اختیار ختم

Published On 25 September,2024 05:04 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) ارکان قومی اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کیلئے وزارت خزانہ اور حکومت کا اختیار ختم کردیا گیا۔

کابینہ ذرائع کے مطابق ارکان قومی اسمبلی کی تنخواہیں اور مراعات میں اضافے کیلئے قومی اسمبلی خود فیصلہ کرے گی، اس سے قبل ارکان قومی اسمبلی کی تنخواہوں، مراعات میں اضافے کیلئے وزارت خزانہ سے مشاورت کی جاتی تھی اب ارکان قومی اسمبلی کی تنخواہوں، مراعات میں اضافے کیلئے وزارت خزانہ سے مشاورت نہیں ہو گی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اراکین قومی اسمبلی کے تمام الاؤنسز میں اضافے کا اختیار حکومت کے پاس نہیں ہو گا، جبکہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں چیئرمین کمیٹی سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے ایکٹ میں ترمیم کی سفارش کی تھی کہ سینٹ ارکان کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کیلئے سینیٹ کو اختیارات دیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ کے ایکٹ میں ترامیم کر کے ارکان قومی اسمبلی کے ساتھ سینیٹرز کو بھی شامل کیا جائے، تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اختیار ہے، ارکان قومی اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا بل منظور ہو چکا ہے۔