لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا ردِ عمل بھی آگیا۔
اپنے رد عمل میں بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ پنجاب میں جلسہ جلوس اگر دہشت گردی ہے تو یہ دہشت گردی ہم کرتے رہیں گے، جلسہ ہمارا جمہوری اور آئینی حق ہے اور اس کے لئے این اوسی فراہم کرنا آپ کی ذمہ داری ہے۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی جلسہ کرنا نہیں بلکہ ماڈل ٹاؤن میں حاملہ خواتین پر سیدھی سیدھی گولیاں چلانا ہے، ماڈل ٹاؤن کے مجرموں کو کوئی حق نہیں کہ دوسروں کو دہشت گرد کہے۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور مریم نواز کے اعصاب پر سوار ہے، مریم نواز کی تقریر علی امین کے ذکر کے علاوہ نامکمل ہوتی ہے، مریم نواز تیاری پکڑیں علی امین گنڈاپور پھر پنجاب آرہے ہیں، علی امین گنڈاپور کو آپ کے جعلی مقدمات کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ فسطائیت کے ریکارڈ ن لیگ والے توڑ رہے ہیں، ہے اور دہشت گرد ہمیں کہے جا رہے ہیں، شریف خاندان ملک کا سب سے بڑا کرپٹ مافیا ہے۔