اسلام آباد :(دنیا نیوز) سربراہ پتن سرور باری نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے بعد الیکشن کمیشن اپنی ساکھ کھوچکا ہے۔
دنیا نیوزکےپروگرام’’دنیا مہربخاری کےساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے سرور باری کا کہنا تھا میری نظرمیں فارم45 کا ہی تنازع ہے، جیتے ہوئے امیدواروں کو ہرانےکے لیے نئے فارم 45 تیار کیے گئے، فارم45کی بہت زیادہ اہمیت ہے۔
انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ہم نےبھی تجزیہ کیا ہے، بہت سارے امیدوار پی ٹی آئی کے جیتے ہوئے تھے، الیکشن کمیشن نےفارم میں ٹمپرنگ کی، ساری گڑبڑالیکشن کمیشن نےکی ہے۔
سرورباری کا کہنا تھا کہ ہم نےدھاندلی کے حوالے سے شواہد بھی پیش کیےتھے، الیکشن کمیشن اپنی کریڈبیلٹی کھوچکا ہے، عدالت نےبھی کہا الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری پوری کرنےمیں ناکام رہا ہے۔
سربراہ پتن کا کہنا تھا کہ اگرآڈٹ کرنا ہے تو پھر سب کے سامنے تھیلوں کی سیلیں کھولی جائیں، بند کمروں میں یہ فیصلےنہیں ہونےچاہئیں، بنیادی دستاویزات بیلٹ پیپرز ہی ہیں۔
انہوں نے الیکشن کمیشن پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کو دو تہائی اکثریت دلانے کے لیے پی ٹی آئی سے بلے کا نشان چھینا گیا تھا، یہ سب کچھ ایک منصوبےکےتحت کیا گیا، شہبازشریف کا حلقہ بھی سب کے سامنے ہے۔