لاہور: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی و رہنما تحریک انصاف ملک احمد خان بھچر نے کہا ہے کہ فارم 47 کی جعلی حکومت ہمارے پر امن جلسوں اور احتجاج میں مداخلت نہ کرے۔
میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد بھچر کا کہنا تھا کہ ہمارا پرامن جلسوں کا ایک سفر صوابی سے شروع ہوا، راولپنڈی لیاقت باغ میں جلسے کیلئے این او سی مانگا انہوں نے نہیں دیا، ہمارے ورکرز کو اٹھایا گیا ، یہ لوگوں کو پیغام دے رہے ہیں کہ ملک میں کوئی قانون نہیں ہے، آپ ملک کو کدھر لے کر جارہے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جھوٹے مقدمات میں پابند سلاسل ہیں، یہ آئینی عدالتیں بنانے جارہے ہیں ایسا جمہوری حکومتوں میں نہیں ہوتا، آپ کے اس اقدام میں بدنیتی ہے، آپ عدلیہ کو تباہ کرنے جارہے ہیں، ہماری آپ کے ساتھ جنگ جاری رہےگی۔
ملک احمد بھچر کا کہنا تھا کہ ہمارے پرامن احتجاج اور جلسے آرہے ہیں، آپ کو فارم 47کی حکومت ملی ہوئی ہے، آپ کو ہمارے پرامن احتجاج اور جلسوں میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہیے، ایک جماعت مینار پاکستان پر جلسہ کرکے گئی ہے،ہمارے لیے قابل احترام ہے، پی ٹی آئی پر کیوں پابندی ہے، ہم 5تاریخ کو لاہور میں اپنا پاور شو کریں گے۔