فیصل آباد، میانوالی، بہاولپور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے فیصل آباد، بہاولپور ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی، چنیوٹ اور جھنگ میں دفعہ 144 نافذ کردی۔
جن اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے وہاں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنوں، جلسوں اور مظاہروں سمیت احتجاجی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ مختلف شہروں میں کنٹینرز بھی کھڑے کردیئے گئے ہیں۔
ادھر میانوالی میں موبائل فون اور انٹر نیٹ سروس بند ہے جبکہ رینجرز کی 2 کمپنیاں بھی تعینات کردی گئی ہیں۔
دوسری جانب بہاولپور میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کے 100 سے زائد کارکنوں پر مقدمہ درج کر لیا گیا اور 5 کارکنوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) نے آج احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
پنجاب حکومت نے صوبائی اسمبلی میں ایک ترمیمی بل پیش کیا ہے جس کے تحت دفعہ 144 کو کم از کم 3 ماہ کے لیے نافذ کرنے کی اجازت دی گئی ہے، یہ نوآبادیاتی دور کا قانون ہے اور عوامی اجتماعات پر پابندی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔