راولپنڈی: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں وکلاء صفائی کی جانب سے آج بھی نیب گواہ پر جرح مکمل نہ ہو سکی۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت ہوئی، احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کیس کی سماعت کی، عمران خان اور بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل کے کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔
وکلاء صفائی عثمان ریاض گل اور ظہیر عباس چودھری جبکہ نیب کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی لیگل ٹیم کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔
دوران سماعت وکیل صفائی عثمان ریاض گل نے مسلسل 4 گھنٹے نیب کے گواہ پر جرح کی، وکلاء صفائی کی نیب کے گواہ پر 32 ویں سماعت پر بھی جرح مکمل نہ ہو سکی۔
بعدازاں احتساب عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت 5 اکتوبر تک ملتوی کردی، وکلاء صفائی آئندہ سماعت پر نیب کے گواہ پر جرح جاری رکھیں گے۔