پشاور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ ہم حکومت کا ظلم برداشت کرلیں گے، تحریک انصاف کی حکومت آئی تو احتساب ہوگا۔
وفاقی دارالحکومت میں ڈی چوک پر پی ٹی آئی کے احتجاج اور اسے روکنے کے لیے حکومتی اقدامات پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شوکت یوسف زئی نے کہا کہ اگر یہ سڑکیں بند نہ کریں تو ایک جگہ پر احتجاج ہوجائے گا، کس جمہوریت میں احتجاج پر پابندی ہوتی ہے؟ 4 روز سے وفاق اور پنجاب کے وزراء پریس کانفرنسز میں دھمکیاں دے رہے ہیں کہ اٹک پار کر کے دکھاؤ۔
انہوں نے کہا کہ محسن نقوی کون ہے جو پورے پاکستان کا مالک بنا ہوا ہے؟ پی ٹی آئی کی حکومت آئی تو احتساب ہو گا، ہم پرامن ہیں، پرامن احتجاج کرنا چاہتے ہیں، ہمارے راستے نہ روکے جائیں، ہماری قربانیاں جمہوریت کے لیے ہیں، کارکنوں کو پرامن رہنے کی تلقین کر دی گئی ہے، فسطائی حکومت جتنا بھی ظلم کرلے ہم برداشت کر لیں گے۔
سابق صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ جتنے بھی احتجاج کیے ہیں سب پرامن تھے، گولیاں پولیس کی طرف سے چلائی گئیں، حکومت کنٹینر لگا کر راستے بلاک نہ کرتی تو شام تک دھرنا ختم کر کے لوگ واپس گھروں کو چلے جاتے، حکومت جہاں روکے گی وہیں پر دھرنا ہو گا۔