لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات و لیگی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی کے خلاف کام کیا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ملک میں بہتری آرہی ہے،مہنگائی کم ہورہی ہے لیکن ان کو چین نہیں آرہا، یہ بتائیں انہوں نے خیبرپختونخوا کے عوام کیلئے کیا کیا؟
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے لوگ دیکھ رہے ہیں وزیراعلیٰ پنجاب کام کررہی ہیں اس لیے یہاں لوگوں کو احتجاج میں دلچسپی نہیں، پی ٹی آئی نے پچھلی بار بھی پولیس اہلکاروں پر آنسو گیس کی شیلنگ کی، یہ پر امن احتجاج کریں تو کوئی کیوں ان کو روکے گا؟ یہ صرف فساد کیلئے آتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا پختونخوا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ساری سرکاری مشینری کہاں ہوتی ہے جب کے پی میں کوئی گاڑی دریا میں گرجاتی ہے، تمہیں آخر مسئلہ کیا ہے، تم بیٹھ کر کام کیوں نہیں کرتے؟ تمہیں فساد کرنے کا نہیں خیبرپختونخوا کے عوام کی خدمت کرنے کا مینڈیٹ ملا ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ ریسکیو 1122مریضوں کے لیے رکھی گئی ہے یا فساد کے لیے؟ خیبرپختونخوا اور کرک سے آئے بچوں کا علاج معالجہ مریم نواز کرارہی ہیں، پنجاب آنے والے مریضوں کو کے پی حکومت کا گریبان پکڑ کر کہنا چاہیے کہ ہمارے وسائل ہم پر لگائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب بھی گنڈاپور نکلیں گے تو سرکاری وسائل کے ساتھ نکلیں گے، آپ اپنی سیاست کیلئے سرکاری وسائل کا استعمال نہیں کرسکتے، آپ اپنی 6 ماہ کی کارکردگی کا وزیراعلیٰ مریم نواز کی حکومت سے مقابلہ کرلیں۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پنجاب میں سب کچھ معمول کے مطابق چل رہا ہے، مجھے تو ان کے احتجاج کیلئے 8 لوگ اکٹھے ہوکر نکلتے ہوئے دکھائی نہیں دے رہے، لوگ اپنے کاموں پر جارہے ہیں یہی زندگی ہے، انہوں نےسالگرہ کرنی ہے تو اڈیالہ یا زمان پارک کے باہر جا کر کریں، سالگرہ کرنے کیلئے لاہور کو بند نہیں کیا جاسکتا، صرف بنیادی حقوق ان کے نہیں ہیں۔