قوم کے معمار کے طور پراساتذہ کے گراں قدر کردارکو تسلیم کرتے ہیں : وزیراعظم

Published On 05 October,2024 08:50 am

اسلام آباد: (دنیانیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج ہم اپنی قوم کے مستقبل کے معمار کے طور پر اساتذہ کے گراں قدر کردار کو تسلیم کرنے کے لیے عالمی یوم اساتذہ منانے میں عالمی برادری کے ساتھ شریک ہیں۔

عالمی یوم اساتذہ پر پیغام دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کے دن ہم ان لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کے مستقبل کی تشکیل اور علم کو فروغ دینے کے عظیم مشن کو سر انجام دینے کا بیڑہ اٹھایا ہے، درحقیقت کسی ملک کی ترقی بنیادی طور پر اس کے افراد کی تعلیم سے جڑی ہوتی ہے اور یہ اساتذہ کی انتھک محنت ہی ہے جو نوجوان نسل میں ترقی اور خوشحالی کی تحریک اور لگن پیدا کرتی ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا تھا کہ میں پاکستان بھر کے تمام اساتذہ کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں جو اپنے غیر متزلزل عزم کے ساتھ نوجوان ذہنوں کو سنوارتے ہیں ، وہ ہمارے مستقبل کے معمار ہیں اور علم پر مبنی معیشت بننے کے ہمارے مقصد کے لیے ان کی لگن ناگزیر ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ ان کی کاوشوں کے بغیر ہم اپنی ان امنگوں کو پورا نہیں کر سکتے جو ہم نے بحیثیت قوم اپنے لیے متعین کر رکھی ہیں، حکومت پاکستان اساتذہ کے ساتھ کئے گئے اپنے وعدے کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے ، ہم ایک حوصلہ افزا اور اچھی معاون تدریسی افرادی قوت کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں اور جدید انفراسٹرکچر اور تعلیمی وسائل میں سرمایہ کاری جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ہمارا مقصد ایک اعلیٰ کارکردگی کا حامل تعلیمی نظام وضع کرنا ہے جو ہمارے طلباء اور اساتذہ دونوں کو تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں ترقی کی منازل طے کرنے کے قابل بنا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئیے ،ہم آج اور ہر آنے والے دن کو اپنے اساتذہ کے انتہائی اثر انگیز کردار کے طور پر منائیں اور پاکستان کے مستقبل کے رہنماؤں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے کے ان کے مشن میں ان کی معاونت کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔

واضح رہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں اساتذہ کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے ۔