پشاور : (دنیانیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے ساتھ ملاقاتوں پر پابندی کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا کہ جعلی حکومت کو خوف ہے کہ عمران خان ورکرز کو احتجاج کی نئی حکمت عملی نہ دیدیں۔
ایک بیان میں بیرسٹر سیف کاکہنا ہے کہ جعلی حکومت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کر رہی ہے، عمران خان اور بشریٰ بی بی سے خاندان و وکلاء سمیت کسی کو ملاقات کی اجازت نہیں، جعلی حکومت کو خوف ہے کہ بانی پی ٹی آئی ورکرزکو احتجاج کی نئی حکمت عملی نہ دے دیں۔
صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ غاصب حکومت کو ڈرہے کہ بانی پی ٹی آئی وکلاء کو آئین میں ناجائزترمیم کے خلاف متحرک نہ کر دیں، چور ٹولہ بشریٰ بی بی سے بھی خوفزدہ ہیں، ان پربھی پابندی عائد کررکھی ہے، مینڈیٹ چور ہوش کے ناخن لیں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے باز آئیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ کے اراکین کو غیر قانونی طور پر قید میں رکھا گیا ہے، پی ٹی آئی ورکرز کو بھی غیر قانونی طور پر پابند سلاسل رکھا گیا ہے ، جعلی حکومت نے جمہوریت کے چاروں ستونوں پر حملہ کر دیا ہے۔
رہنما پی ٹی آئی نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شریف خاندان اپنی ناجائز حکومت بچانے کیلئے ہر حد تک گر چکا ہے، ریاستی ظلم اور بربریت کا حساب ضرور لیں گے۔