کراچی :(دنیا نیوز) جنرل سیکرٹری عوام پاکستان پارٹی مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ آئینی ترامیم سے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو نقصان ہوگا۔
دنیا نیوزکےپروگرام’’آن دی فرنٹ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ اس حکومت کےپاس عوام کا مینڈیٹ نہیں ہے، یہ حکومت اس لیےگھبرائی ہوئی ہے، اس وقت ملک کوافراتفری نہیں استحکام کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کوبھی پچھلی باتوں کوبھول جانا چاہیے، ملک کی خاطرسب کوایک ایک قدم پیچھےہٹنا پڑے گا۔
ان کا چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہنا تھا کہ بلاول بھٹوکواچانک آئینی عدالت یاد آگئی ہے،آئینی ترمیم سے(ن)لیگ اورپیپلزپارٹی کونقصان ہوگا، مسلم لیگ(ن)اورپیپلزپارٹی کو ماضی کی تاریخ نہیں بھولنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹوبھی وزیراعظم بننےکی کوشش کررہےہیں۔