پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن نہ کرانے کیخلاف درخواست پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے جواب طلب کرلیا۔
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن نہ کرانے کیخلاف پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے کہا کہ صدر پاکستان کا الیکشن ہوا، چیئرمین سینٹ کا الیکشن ہوا ہے لیکن صرف خیبرپختونخوا کا سینٹم الیکشن منعقد نہیں کیا جارہا۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن کب خیبرپختونخوا میں سینٹ، الیکشن کا انعقاد کررہا ہے؟
وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہم نے جواب جمع کرایا ہے، جب تک مخصوص نشستوں کا معاملہ حل نہیں ہوگا تب تک سینٹہ الیکشن منعقد نہیں ہوگا۔
عدالت نے وکیل الیکشن کمیشن کو ڈانٹ پلاتے ہوئے کہا کہ کیا آپ کا مخصوص نشستوں کا معاملہ حل ہونے تک سینٹآ الیکشن منعقد کرنے کا کوئی ارادہ نہیں؟ آپ زیادہ جذباتی نہ ہوں، آپ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔
بعدازاں عدالت عالیہ نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو معاملے پر جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست پر مزید سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کردی۔