کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے بجلی کے بلوں میں میونسپل ٹیکس کی وصولی کیخلاف درخواست پر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
جسٹس ارشاد علی شاہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کے روبرو بجلی کے بلوں میں میونسپل ٹیکس کی وصولی کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
جماعت اسلامی کے رہنما سیف الدین ایڈووکیٹ کے وکیل عثمان فاروق ایڈوکیٹ نے درخواست کی فوری سماعت کی استدعا کی۔
عدالت نے درخواست کی فوری سماعت کی استدعا منظور کرتے ہوئے فریقین سے 3 ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔
عدالت نے میئر کراچی سے بلدیہ عظمی کے تحت قائم ہسپتالوں اور سکولوں کی فہرست اور ان کی موجودہ صورتحال، عملے اور طلبا کی تعداد سے متعلق رپورٹ طلب کی ہے۔
عثمان فاروق ایڈووکیٹ کا مؤقف تھا کہ میئر کراچی نے اپوزیشن سے عدالتی حکم کے باوجود مشاورتی عمل کو بائی پاس کرتے ہوئے معاہدہ کیا ہے، میئر کراچی نے اپوزیشن جماعتوں جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی سے کوئی مشاورت نہیں کی، میئر کراچی اور کے الیکٹرک کے درمیان ہونے والے معاہدے کو کالعدم قرار دیا جائے۔