اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت آئینی پیکیج کے حوالے سے مسلسل جھوٹ بول رہی ہے، ابھی تک اصل آئینی مسودے کو چھپایا گیا ہے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں اسد قیصر نے کہا کہ ہمیں اطلاع ملی ہے کہ ان کا جو پرانا مسودہ تھا، وہی برقرار ہے، آئینی مسودے میں یہ آئینی عدالتوں کے علاوہ ملٹری کورٹ کی بات کر رہے ہیں، یہ بنیادی انسانی حقوق کو کم کرنے کے لیے آئینی ترمیم پر کام کر رہے ہیں۔
اسد قیصر نے کہا کہ کیا عوام اس ظلم و جبر کے ذریعے پیش ہونے والی قانون سازی کے خلاف آواز نہیں اٹھائیں گے، تحریک انصاف تو اس ظلم و جبر کے خلاف کھڑی ہے، ہم مسلسل اپنا پُرامن احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہیں۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اپوزیشن کے ممبران کو ایک ارب سے بھی زیادہ کی آفرز آرہی ہیں، چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا جا رہا ہے، پاکستان کے عوام سے کہتا ہوں کہ آپ ہمیشہ اپنے حق کے لیے اٹھے ہیں، بانی پی ٹی آئی اگر آج جیل میں ہیں تو آپ کی حقیقی آزادی کے لیے جیل میں ہیں۔
اسد قیصر نے کہا کہ دوست ممالک اور اپوزیشن کی دیگر پارٹیوں کے کہنے پر ہم نے احتجاج موخر کیا، مگرختم نہیں ہوا، ملک میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور آزاد عدلیہ کے لیے لڑیں گے۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ خاص طور پر اپنے وکلا برادری سے کہتا ہوں کہ وہ باہر نکلیں، ابھی وقت ہے، ہمیں مشترکہ جدوجہد کرنی ہے۔