اسلام آباد: (دنیانیوز) وزیراعظم پاکستان شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کی ہر پالیسی کا محور عوام کی فلاح و بہبود ہے، حکومت نے غربت کے خاتمے کو یقینی بنانے میں اہم پیش رفت کی ہے۔
غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم پاکستان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم عالمی برادری کے ساتھ مل کر ایک ایسی دنیا کے لیے پر عزم ہیں جہاں ہر فرد کے لیے کامیابی کے مواقع یکساں ہوں، غربت کا خاتمہ صرف ایک اخلاقی فرض نہیں ہے بلکہ پائیدار ترقی کے حصول کے لئے بنیادی شرط ہے۔
وزیر اعظم کاکہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ لوگوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات بھی انتہائی اہم ہیں، ہمیں مہنگائی اور معاشی بے یقینی سمیت عالمی چیلنجز کا سامنا ہے، حکومت پاکستان اپنے لوگوں کے لیے زندگی کو مزید آسان بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ غذائی تحفظ کو یقینی بنانے سے لے کر رہائش کی ضروریات کو پورا کرنے تک، ہم طویل مدتی اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کی پالیسیوں پر کام کر رہے ہیں، 17 پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) میں غربت کا خاتمہ بھی سرفہرست ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم اپنے عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے، جامع ترقی، تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، اور ماحولیاتی پائیداری کے حصول کے اہداف کے لیے کام کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں خواتین کو بااختیار بنانے اور اس بات کو یقینی بنانے میں ہونے والی پیش رفت پر بھی فخر ہے، خواتین کی شراکت ملکی ترقی کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے ، آج کے دن میں پاکستان اور دنیا بھر میں ان تمام لوگوں کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں،غربت کے خاتمے کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا تھاکہ حکومت پاکستان کی جانب سے، میں اس مقصد کے لیے اپنی غیر متزلزل لگن کا اعادہ کرتا ہوں، معاشرے کے تمام شعبوں کو ایک مزید خوشحال، مساوی اور جامع دنیا کی تعمیر میں ہمارا ساتھ دینے کی دعوت دیتا ہوں۔