ڈیمز فنڈ میں موجود رقم حکومت کے پبلک اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا حکم

Published On 17 October,2024 05:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز فنڈز کیس کی 9 اکتوبر کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔

سپریم کورٹ نے ڈیمز فنڈ میں موجود رقم حکومت کے پبلک اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا حکم دے دیا، سپریم کورٹ نے ڈیمز فنڈ کیلئے قائم اپنا ہی اکاؤنٹ بند کرنے کی ہدایت کر دی۔

عدالت عظمیٰ نے حکم دیا ہے کہ ڈیمز فنڈ میں موجود رقم وفاقی حکومت کے پبلک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے، ڈیمز فنڈ کی منتقلی کیلئے حکومت کے پبلک اکاؤنٹ کا ذیلی اکاؤنٹ کھولا جائے، حکومت ایسے اقدامات کرے کہ نجی بینکو ں سے ڈیمز فنڈ کی رقم پر مارک اپ لیا جا سکے۔

عدالتی حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈیمز کی تعمیر کیلئے جب بھی رقم درکار ہو متعلقہ اکاؤنٹ سے استعمال کی جا سکتی ہے، ڈیمز فنڈ کیس میں دائر تمام درخواستیں نمٹائی جاتی ہیں۔