اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستانی عوام بالخصوص صاحب ثروت افراد سے صیہونی ظلم و استبداد کے شکار نہتے فلسطینیوں اور لبنانیوں کی مدد کیلئے قائم امدادی فنڈ میں بڑھ چڑھ کر عطیات جمع کرانے کی اپیل کردی۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان موسم سرما کیلئے غزہ، فلسطین اور لبنان میں نہتے مسلمان بہن بھائیوں کیلئے جلد مزید 3 ہزار خیمے اور 12 ہزار کمبل بھیجے گا جبکہ 8 اکتوبر 2023 سے اب تک امدادی اشیاء کے 12 کارگوز فلسطین اور لبنان بھیجے جا چکے ہیں جن میں 3145 خیمے، 12625 کمبل سمیت اشیاء خورونوش، خشک دودھ اور ادویات شامل ہیں۔
محمد شہباز شریف کی زیر صدارت غزہ، فلسطین اور لبنان میں پاکستان کی جانب سے بھیجی جانے والی امداد کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ غزہ اور لبنان کے مسلمانوں کو مصیبت میں اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔
وزیراعظم نے حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ عوام سے بھی اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی ظلم و استبداد کے شکار نہتے فلسطینیوں اور لبنانیوں کی مدد کیلئے حکومت پاکستان نے امدادی فنڈ قائم کر دیا ہے اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔