لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ آئین میں ترمیم وسیع مشاورت سے ہونی چاہیے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں خریدو فروخت ایک عمل بن چکا ہے، ہر ترمیم کے معاملے پر یہ سلسلہ شروع ہوجاتا ہے، پارٹیاں اس سب کے پیچھے چھپ جاتی ہیں، جو یہ کام کرتے ہیں ان کا واضح طور پر نام لیا جائے اور سپریم کورٹ میں لے جایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اب پارٹیوں کی جانب سے باتوں پر یقین نہیں کرے گی، نئے چیف جسٹس کی تقرری ہو جانی چاہیے تھی، اتنی بڑی پارلیمنٹ کے لوگ دباؤ کا شکار ہیں تو وہ آئینی عدالت والے 3سے چار لوگ کیا کریں گے، ججز کو سنیارٹی کی بنیاد پر ہی تعینات کیا جانا چاہیے، عدالتوں میں انصاف نہیں مل رہا، لوگوں کا عدالتوں پر اعتماد نہیں ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ فیک نیوز پھیلانے والوں کی پکڑ ہونی چاہیے، سوال یہ ہے لوگ فیک نیوز کے پیچھے کیوں چل رہے ہیں، فروری کے الیکشن میں صرف نواز شریف کو 70 ہزار سے زائد جعلی ووٹ ڈالے گئے، 16سے17 سیٹوں کے علاوہ ن لیگ کو پورے ملک میں سیٹیں نہیں ملیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ فلسطین میں حماس کے سربراہ کی شہادت کی مذمت کرتے ہیں، یحییٰ سنوار ایک عظیم انسان تھے، اسرائیل سوچتا ہے یحییٰ سنوار کو شہید کرکے اپنے مقاصد حاصل کرلے گا تو وہ ا سکی بھول ہے، فلسطین میں ایک سال ہوگیا ہے دہشتگردی کی فضا قائم ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں اب تک لاکھوں افراد شہید ہوچکے ہیں، بھارت سفارتی معاملات میں اکیلا ہورہا ہے، نوازشریف کی جانب سے بھارت کیساتھ دوستی اور تجارت کی باتیں ہورہی ہیں۔