اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن نے آج 26ویں مجوزہ آئینی ترمیم منظور کرانے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے قبل میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ 26ویں مجوزہ آئینی ترمیم کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل ہیں، آج یہ معاملہ حل ہو جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے پاس بہت سے آپشنز دستیاب ہیں، آپشن اے پر عمل نہ ہوا تو بی اور سی بھی موجودہیں، کسی ایک آپشن کے تحت آئینی ترمیم منظور ہو جائے گی۔
وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی ڈائیلاگ اور جمہوری عمل پر یقین نہیں رکھتی، اتفاق رائے ہوتا ہے تو ہماری خواہش ہے مولانا صاحب مسودہ پیش کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مولانا صاحب کی طرف سے حتمی جواب موصول ہو چکا ہے، آج ہر حال میں وفاقی کابینہ مسودے کی منظوری دے گی۔
ادھر جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی وفد ملاقات کیلئے آرہاہے، اس وقت کی صورتحال کے مطابق 3 متبادل ڈرافٹ تیار ہیں۔
صحافی نے سوال کیا کہ مولانا فضل الرحمان اسمبلی جائیں گے؟ جس پر سینیٹر کامران مرتضیٰ نے جواب میں کہا کہ دعا کریں اللہ ہم سے کوئی غلطی نہ کرائے۔