ازبکستان پارلیمانی انتخابات: چیف الیکشن کمشنر کی خصوصی مبصر کے طور پر شرکت

Published On 27 October,2024 09:43 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) ازبکستان میں جاری پارلیمانی انتخابات کے موقع پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ خصوصی مبصر کے طور پر موجود ہیں۔

ای سی پی ترجمان کےمطابق انتخابی عمل کے مشاہدے کے دوران انہوں نے ازبکستان کے مرکزی الیکشن کمیشن کے چیئرمین نظام خواجہ یف زین الدین مخماتوویچ سے اہم ملاقات کی، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان انتخابی تجربات کے تبادلے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ترجمان نے بتایا دونوں رہنماؤں نےدوران گفتگو باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا، چیف الیکشن کمشنر پاکستان نے تاشقند شہر میں واقع مختلف پولنگ سٹیشنز کا دورہ بھی کیا اور انتخابی عمل کا براہ راست مشاہدہ کیا، انہوں نے ووٹرز کی سہولت کے لیے کیے گئے انتظامات کو سراہا اور پولنگ عملے کی کارکردگی کو قابل تعریف قرار دیا۔

ای سی پی ترجمان کا کہنا تھا کہ سکندر سلطان راجہ نے اپنے دورے کے دوران ازبکستان کی نامور تعلیمی درسگاہ،تاشقند یونیورسٹی آف جرنلزم اینڈ ماس کمیونیکیشنز کا خصوصی دورہ بھی کیا، انہیں جدید تعلیمی سہولیات اور میڈیا لیبز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی اور گزشتہ روز ازبکستان الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام منعقدہ ایک اہم بریفنگ میں شرکت کی، جس میں دنیا بھر سے تشریف لائے ہوئے مختلف ممالک کے الیکشن کمشنز کے چیئرمین موجود تھے ۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اس بریفنگ میں ازبکستان کے انتخابی نظام، قانونی فریم ورک اور انتخابات کے انعقاد کے لیے کیے گئے انتظامات کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔