اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس ٹو میں سابق وزیراعظم عمران خان کی درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے عمران خان کی توشہ خانہ کیس ٹو میں درخواست ضمانت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔
عدالتی حکم میں کہا گیا کہ رجسٹرار آفس نے درخواست پر وکالت نامہ پرانا ہونے کا اعتراض عائد کیا، وکالت نامہ میں وکیل کو درخواست ضمانت بعد از گرفتاری دائر کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 9 مئی مقدمات: عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ملتوی
تحریری حکم میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض دور کیا جاتا ہے، ٹرائل کورٹ کا درخواستِ ضمانت مسترد کرنے کا تصدیق شدہ آرڈر نہ ہونے کا بھی اعتراض عائد کیا گیا، عمران خان کے وکیل نے تصدیق شدہ آرڈر کی کاپی عدالت میں پیش کر دی ہے۔
عدالتی حکم میں مزید لکھا گیا کہ ٹرائل کورٹ کے آرڈر کی کاپی متعلقہ آفس میں جمع کرائی جائے، رجسٹرار آفس درخواست ضمانت پر نمبر لگا کر کیس پیر کو سماعت کے لیے مقرر کرے۔