بی این پی مینگل کے رہنماؤں اختر لانگو، شفیع محمد کی ضمانت منظور

Published On 05 November,2024 11:42 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عدالت نے سینیٹ ہال میں گھسنے اور اسلحہ لے جانے کے کیس میں بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سابق اراکین صوبائی اسمبلی اختر حسین لانگو اور شفیع محمد کی ضمانت منظور کر لی۔

انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں بی این پی مینگل کے رہنماؤں کے خلاف سینیٹ میں اسلحہ لے جانے کے مقدمے میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت ہوئی، جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے مقدمے کی سماعت کی۔

 دلائل سننے کے بعد عدالت نے 20 ہزار روپے کے مچلکوں کی عوض بی این پی مینگل کے رہنماؤں اختر لانگو اور شفیع محمد کی ضمانت منظور کر لی۔

یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے یکم نومبر کو اختر حسین لانگو اور شفیع محمد کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔