اسلام آباد:(دنیا نیوز) سپریم کورٹ میں سربراہ آئینی بنچ نے مقدمات کی درجہ بندی کی ہدایت کر دی۔
سپریم کورٹ کے اعلامیہ کے مطابق آئینی بنچ کی تشکیل اور ورکنگ کے معاملہ پر سپریم کورٹ میں جسٹس امین الدین خان کے چیمبر میں اجلاس ہوا، اجلاس میں آئینی بنچ کی ورکنگ اور طریقہ کار پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں جسٹس امین الدین خان کو سٹاف کی جانب سے آئینی مقدمات بارے بریفننگ دی گئی جبکہ 184(1) ،184(3) ، 186 اور انسانی حقوق کے مقدمات پر بحث ہوئی۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ سربراہ آئینی بنچ نے مقدمات کی درجہ بندی کی ہدایت کر دی اور مقدمات کو مقرر کرنے کا فیصلہ کیا، سربراہ آئینی بنچ دو سینئر ججز سے ملکرمقدمات مقرر کریں گے، تین رکنی ججز کمیٹی کم از کم پانچ ججز پر مشتمل بنچ تشکیل دے گی۔
خیال رہے کمیٹی کے ایک رکن جج بیرون ملک ہیں، رکن جج کی وطن واپسی پر کمیٹی اجلاس ہو گا۔