پشاور:(دنیا نیوز) رہنما تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ احتجاج میں ہر رکن اسمبلی کو5اور10ہزارلوگ لانےکا پیغام بانی پی ٹی آئی کا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی نےکہا ہے کہ میرا سیاست سےکوئی تعلق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج میں ہر ارکان اسمبلی کو5اور10ہزارلوگ لانے کا پیغام بانی پی ٹی آئی کا ہے، آج بھی عمران خان نےکہا کہ مقررہ لوگ نہ لانے والے اپنے مستقبل کا سوچ لیں، ہماری تیاریوں سے حکومت گھبرائی ہوئی ہے۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں دوماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، رانا ثنا کہتے ہیں پی ٹی آئی کےاحتجاج کو سنجیدہ نہیں لے رہے، دوسری طرف دفعہ 144نافذ کر رہے ہیں۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے بانی پی ٹی آئی کوخیبرپختونخوا سےمتعلق بریف کیا، بانی نےاحتجاج سےمتعلق ہدایات دیں، علی امین گنڈا پور نے پوچھا مذاکرات کے لیے رابطہ ہوتا ہے تو کیا کرنا چاہیے جس پر عمران خان نے کہا کبھی مذاکرات کی مخالفت نہیں کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا تین مطالبات اوراہداف پرمذاکرات ہوں توکرلیں، مذاکرات ہوئے تواحتجاج کی کال واپس ہوگی ورنہ بالکل بھی نہیں ،عمران خان نے کہا تیاری کریں۔