بنوں: (دنیا نیوز) بنوں میں سکیورٹی فورسز کی مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں مقابلے کے دوران 12 اہلکار شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں کے علاقے میں مشترکہ چیک پوسٹ پر خوارج کی جانب سے حملے کی کوشش کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج ہلاک کر دیئے گئے جبکہ خوارج کے خود کش حملے میں 12 سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہید ہونے والوں میں سکیورٹی فورسز کے 10 اہلکار اور 2 فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکار شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں نے خوارج کی جانب سے چیک پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنائی، داخل ہونے کی کوشش ناکام ہونے پر خوارج نے بارود سے بھری گاڑی پوسٹ کی دیوار سے ٹکرا دی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خوارج کے خود کش دھماکے سے چیک پوسٹ کی دیوار کا ایک حصہ گر گیا، خود کش دھماکے سے ملحقہ انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچا جس سے 12 شہادتیں ہوئیں۔
شہدا کی تفصیلات
آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں گوجرانوالہ کے 44 سالہ صوبیدار عمران احمد فاروقی، سرگودھا کے 29 سالہ حوالدار محمد جاوید اقبال شامل ہیں۔
34 سالہ نائیک طہماس احمد کا تعلق ایبٹ آباد، 39 سالہ نائیک باسط فرید کا تعلق ہری پور سے ہے، 33 سالہ سپاہی صفدر علی کا تعلق ضلع بارکھان اور 32 سالہ سپاہی اسد بشیر کا تعلق ضلع کوہلو سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 38 سالہ سپاہی اعجاز حسین کا تعلق ڈی جی خان اور 23 سالہ سپاہی عاطف خان کا تعلق میانوالی سے ہے، 30 سالہ سپاہی امان اللہ کا تعلق ضلع کرک اور 22 سالہ سپاہی شاہ زمان کا تعلق لوئر دیر سے ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فتنہ الخوارج کے حملے میں شہید ہونیوالے 22 سالہ سپاہی حسیب اللہ اور 33 سالہ عثمان اللہ شہید کا تعلق ضلع کرک سے ہے۔