پشاور: (دنیا نیوز) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے قومی وطن پارٹی کے صوبائی صدر سکندر حیات خان شیرپاؤ سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی، گورنر نے سکندر شیرپاؤ کو گورنر ہاؤس میں ہونے والی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کل جماعتی کانفرنس کا مقصد صوبے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر توجہ مرکوز کرنا ہے، کل جماعتی کانفرنس میں امن و امان کے قیام کیلئے سیاسی رہنماؤں کی مشترکہ جامع حکمت عملی تیار کی جائے گی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ امن و امان کی خرابی اور تشدد کو حل کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، سیاسی اتحاد صوبے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل جماعتی کانفرنس میں صوبہ کے وفاق سے حقوق کیلئے بھی مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا جائے گا۔
سکندر شیرپاؤ نے صوبے میں امن کی بحالی اور امن و امان سے جڑے مسائل کے حل کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
صوبائی صدر قومی وطن پارٹی نے گورنر کے مشترکہ نقطہ نظر کیلئے تمام سیاسی قوتوں کو یکجا کرنے کیلئے گورنر خیبرپختونخوا کی کوششوں کو سراہا۔