کراچی: (ویب ڈیسک) سندھی ثقافتی دن کے موقع پر سندھ بھر میں ٹوپی، اجرک اور ثقافتی لباس پہنے شہریوں نے ریلیاں نکالیں، ٹیبلوز پیش کیے اور گیتوں پر رقص کرتے ہوئے صوبہ سندھ کی قدیم تہذیب و ثقافت سے محبت کا بھرپور اظہار کیا۔
کراچی، حیدرآباد، سکھر، خیرپور، مٹیاری، میرپور خاص، ٹنڈوالہ یار، ٹنڈو محمد خان، ٹھٹہ، بدین، جیکب آباد، شکاپور، کندھ کوٹ، گھوٹکی، لاڑکانہ، نواب شاہ، دادو اور تھرپارکر سمیت سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں بھی ثقافتی دن کی مناسبت سے تقاریب کا انعقاد کیا گیا اور ریلیاں نکالی گئیں۔
سر پر سندھی ٹوپی سجائے اور اجرک اوڑھے بچوں، نوجوانوں اور خواتین نے یوم ثقافت کو یادگار بنایا اور امن و محبت کی سر زمین سندھ سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔
مختلف مقامات پر ہونے والی تقاریب میں بچوں نے ٹیبلوز پیش کیے جبکہ نوجوانوں نے گیتوں کی دھنوں اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کر کے خوشی کا بھرپور اظہار کیا۔