کوئٹہ: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 3 اعشاریہ 2 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کی گہرائی 15 کلو میٹر اور مرکز کوئٹہ سے 66 کلو میٹر شمال مغرب میں تھا۔
زلزلے کے بعد لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے نکل آئے تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
واضح رہے چند روز قبل بھی اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور سوات سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔