پشاور:(دنیا نیوز) خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے اوور سیز پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے قانون تیار کرلیا گیا۔
کے پی اسمبلی اجلاس کے دوران خیبرپختونخوا اوورسیز پاکستانی کمیشن بل وزیر قانون آفتاب عالم نے ایوان میں پیش کیا، قانون سازی کے بعد اوور سیز شہریوں کے مسائل حل کرنے کیلئے کمیشن قائم کیا جائے گا۔
بل کے متن کے مطابق گریڈ بیس یا اس سے اوپر کا سرکاری افسر اوورسیز کمیشن کےکمشنر مقرر کیا جائے گا،وزیراعلیٰ اوورسیز کمیشن کے چیئرپرسن ہوں گے۔
متن میں مزید بتایا گیا کہ کمشنر اوور سیز شہریوں کے شکایات کو متعلقہ سرکاری ایجنسی یا ضلعی کمیٹی کو بھیجیں گے، کمشنر اوور سیز شہریوں کے شکایات کا ازالہ نہ کرنے پر سرکاری افسران کے اہلکاروں کے خلاف ڈسپلنری ایکشن تجویز کریں گے۔