پی ٹی آئی رہنماؤں کی راہداری ضمانت منظور، درج مقدمات کی رپورٹ طلب

Published On 03 December,2024 10:34 am

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنماؤں علی زمان، عالیہ حمزہ، حمید شاہ اور سابق رکن اسمبلی عادل بازئی کی راہداری ضمانت منظور کرتے ہوئے درج مقدمات کی رپورٹ کرلی۔

پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے پی ٹی آئی رہنماؤں علی زمان ،عالیہ حمزہ، حمیدہ شاہ اور سابق رکن قومی اسمبلی عادل بازئی کی درخواستوں پر سماعت کی ۔

درخواست گزاروں کے وکلاء نے استدعا کی کہ درخواست گزاروں کے خلاف جتنے مقدمات درج ہیں ان کی تفصیل فراہم کی جائے۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے مؤقف اپنایا کہ یہ یہاں راہداری ضمانت لیتے ہیں پھر عدالتوں میں پیش نہیں ہوتے جس پر جسٹس ایس ایم عتیق نے ریمارکس میں کہا کہ جن کو گرفتار کرنا ہے ان کےلئے رات کو جیل کھول دیتے ہیں اور ہمیں کہہ رہے ہیں کہ ریلیف نہ دیں۔

عدالت نے حکم دیا کہ درخواست گزاروں کے خلاف جتنے مقدمات درج ہیں آپ 7 دن میں رپورٹ پیش کریں، آپ رپورٹ پیش کریں ہم ان کو حکم دینگے کہ آپ متعلقہ عدالتوں میں پیش ہوجائیں، یہ ان کا بنیادی حق ہے کہ آپ ان کو مقدمات کی تفصیل فراہم کریں۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہم رپورٹ پیش کریں گےعدالت ان کو پابند کرے کہ یہ متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونگے، عدالت نے دیگر کیسز میں پابند کیا ہے کہ متعلقہ عدالتوں میں پیش ہوں جس پر عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ آپ آرڈر پیش کریں ہم ان کو پابند کریں گے یہ وہاں پیش ہوں گے۔

بعدازاں عدالت نے وفاقی حکومت سے 7 دن میں درج مقدمات کی رپورٹ طلب کرلی اور آئندہ سماعت تک درخواست گزاروں کو درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔