راولپنڈی: (دنیا نیوز) جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر پر ایک بار پھر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں انسدادد ہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی، عمران خان کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو سخت سکیورٹی میں لاہور کی کوٹ لکھپت جیل سے اڈیالہ جیل لایا گیا۔
دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کی جانب سے عدالت کے دائرہ کار کو چیلنج کر دیا گیا، وکلاء صفائی کی جانب سے عدالت میں درخواست جمع کرادی گئی۔
عمران خان کے وکیل بابراعوان نے کہا ہے کہ انسداد دہشتگری ایکٹ کی دفعہ23-A کے حوالے سے درخواست دی گئی ہے۔
عدالتی دائرہ اختیار چیلنج ہونے کے باعث عمران خان، شاہ محمود قریشی و دیگر پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی ایک بار پھر مؤخر کردی گئی، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 5 دسمبر تک ملتوی کردی۔