اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان شازیہ مری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے مستقل طور پر معذور افراد کے حقوق کی ہمیشہ وکالت کی ہے۔
پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان شازیہ مری نے معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ان افراد کو قومی اور صوبائی اسمبلیوں اور بلدیاتی اداروں کے لئے نامزد کرکے قومی دھارے میں شامل کیا گیا ہے، پیپلز پارٹی معاشرے کے ہر طبقہ کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہمیشہ سرگرم عمل رہی ہے۔
شازیہ مری نے مزید کہا کہ 2019 میں پی پی پی نے معذور افراد کے حقوق کے لئے اقوام متحدہ کے کنونشن کے تحت انہیں قانون سازی کے لئے حقوق پر مبنی نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ پی پی پی معذور افراد کی مدد اور ان کی ترقی کیلئے پرعزم، جامع اور مساوی پاکستان کی پالیسی کیلئےکوشاں ہے۔