پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس معاون کا کینیا کا خیر سگالی دورہ

Published On 05 December,2024 09:37 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس معاون کا کینیا کا خیر سگالی دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس معاون انسانی ہمدردی کے مشن کی تکمیل کے سلسلے میں افریقہ کے دورے پر ہے۔

پاک بحریہ نے جذبہ خیر سگالی کے تحت کینیا میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا، میڈیکل کیمپ میں کینیا کے عوام کو مفت علاج، آپریشنز اور مفت ادویات فراہم کی گئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کینیا کے عوام نے پاک بحریہ کی جانب سے میڈیکل کیمپ کے انعقاد کو بڑے پیمانے پر سراہا اور پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

قبل ازیں ممباسا بندرگاہ پہنچنے پر کینیا کے اعلیٰ سول و عسکری اور پاکستانی سفارتی حکام نے پاک بحریہ کے جہاز کا پُرتپاک استقبال کیا، کمانڈنگ آفیسر کی کینیا کے اعلیٰ سول و عسکری حکام سے اہم ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈنگ آفیسر نے چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف کی جانب سے کینیا کے عوام اور بحریہ کیلئے خیرسگالی کا پیغام بھی پہنچایا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دورے کا مقصد انسانی ہمدردی کے جذبے کا فروغ، دوطرفہ بحری تعاون کا مزید استحکام اور پاکستان کے مثبت تاثر کا فروغ ہے۔